سڑک حادثات میں 3 افراد ہلاک

حیدرآباد ۔ 25 ڈسمبر (سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقہ میں پیش آئے سڑک حادثات میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔ بہادرپورہ پولیس کے مطابق 72 سالہ ضعیف شخص سالار قریشی جو اسد بابا نگر علاقہ کے ساکن تھے، یہ ضعیف شخص آج صبح مارننگ واک کے دوران بہادرپورہ حدود میں ایک گاڑی کی زد میں آ کر ہلاک ہوگئے۔ نارسنگی پولیس کے مطابق 20 سالہ رضوان خاں جو پیشہ ڈرائیور تھا، مہاراشٹرا علاقہ کے ساکن عبدالخالق کا بیٹا تھا۔ یہ شخص ایک تقریب میں شرکت کیلئے ساتھی کے ہمراہ حیدرآباد آیا تھا اور کل رات چندرائن گٹہ علاقہ میں تقریب میں شرکت کی اور واپسی کے دوران نارسنگی حدود میں آوٹر رنگ روڈ پر پیش آئے حادثہ میں برسرموقع ہلاک ہوگیا۔ مادھاپور پولیس کے مطابق 27 سالہ مناش جوتی بورا جو پیشہ سے سیکوریٹی گارڈ تھا، صدیق نگر مادھاپور علاقہ کا ساکن تھا۔ یہ شخص کل موٹرسیکل پر جارہا تھا کہ کوکاپیٹ کے علاقہ میں لاری ڈرائیور کی لاپرواہی کے سبب پیش آئے حادثہ میں ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔