سڑک حادثات میں 3 افراد ہلاک

حیدرآباد /16 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) سائبرآباد اور رچہ کنڈہ پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں تین افراد ہلاک ہوگئے ۔ نارسنگی پولیس کے مطابق 24 سالہ سریکانت جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا ۔ مرزا گوڑہ چیوڑلہ میں رہتا تھا ۔ کل یہ شخص موٹر سائیکل پر واپس جارہا تھا کہ نارسنگی حدود میں حادثہ پیش آیا ۔ ایک نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر یہ شخص شدید زخمی ہوگیا جو علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ مادھاپور پولیس کے مطابق 25 سالہ شخص سنجیت کمار منڈل جو روڈ نمبر 10 بنجارہ ہلز علاقہ کے ساکن شام لعل منڈل کا بیٹا تھا ۔ اس کا تعلق ریاست بہار سے بتایا گیا ہے ۔ کل یہ شخص بذریعہ مسافر بردار آٹو میں خانہ میٹ سے بنجارہ ہلز جارہا تھا کہ مادھاپور حدود میں آٹو سے مشتبہ طور پر گرکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق آٹو کی رفتار کافی تیز اور بے قابو تھی ۔ میڑپلی پولیس کے مطابق 26 سالہ وینکٹیش جو پیشہ سے ڈرائیور تھا ۔ گھیٹکیسر کے علاقہ میں رہتا تھا ۔ یہ شخص کل سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں شدید زخمی ہوگیا تھا ۔ آج فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔