سڑک حادثات میں 3 افراد بشمول خاتون ہلاک

حیدرآباد /26 مارچ ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 3 افراد بشمول ایک خاتون ہوم گارڈ فوت ہوگئی ۔ بہادر پورہ پولیس کے مطابق ایک 51 سالہ خاتون ناگامنی جو پیشہ سے ہوم گارڈ تھی ۔ گذشتہ ہفتہ سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں شدید زخمی ہوگئی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ بہادرپورہ پولیس کوارٹرس علاقہ کے ساکن راملو گوڑ کی بیوی ناگمانی 14 مارچ کی رات میڈیکل اسٹور سے واپس ہو رہی تھی کہ زو پارک کی جانب سے آنے والی ایک تیز رفتار موٹر سائیکل نے اس خاتون ہوم گارڈ کو ٹکر دے دی اور اس حادثہ میں شدید زخمی ناگامنی علاج کے دوران کل رات فوت ہوگئی ۔ اپل پولیس کے مطابق 82 سالہ شخص راجہ مولی جو ریٹائرڈ ملازم تھا چکڑپلی علاقہ میں رہتا تھا ۔ کل یہ شخص موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ اپل کے علاقہ میں ایک کار کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران آج فوت ہوگیا ۔ دنڈیگل پولیس کے مطابق 50 سالہ شخص آنندم جو پیشہ سے خانگی ملازم گاجولہ رامارم علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ آج صبح موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ دنڈیگل کے علاقہ میں نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔