حیدرآباد /5 ستمبر ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 6 افراد بشمول ایک خاتون فوت ہوگئی ۔ آج صبح نماز فجر سے واپسی کے دوران پرانے شہر کے علاقہ فلک نما میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک نوجوان ہلاک ہوگیا ۔ چندرائن گٹہ پولیس کے مطابق 18 سالہ محمد مبشر جو محمد نگر بنڈلہ گوڑہ علاقہ کے ساکن مرحوم محمد جاوید کا بیٹا تھا ۔ اپنے ساتھی جابری کے ہمراہ موٹر سائیکل پر نماز فجر کے بعد واپس ہو رہا تھا کہ فلک نما فلائی اوور کے قریب ایک تیز رفتار بے قابو نامعلوم ٹپر گاڑی نے ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر دے دی جس کے سبب محمد مبشر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ جبکہ اس کا ساتھی جابری شدید زخمی بتایا گیا ہے ۔ راجندر نگر پولیس کے مطابق 45 سالہ رقیہ بیگم جو کشن باغ علاقہ کے ساکن مرحوم محمد نظام کی بیوی خیرات آباد میں واقع واٹر ورکس کے آفس میں ملازمہ تھی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق گذشتہ روز یہ خاتون اپنے رشتہ دار کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جارہی تھی کہ حادثاتی طور پر موٹر سائیکل سے گرکر شدید زخمی ہوگئیں اور علاج کے دوران فوت ہوگئی ۔ راجندر نگر پولیس کے مطابق آج صبح راجندر نگر حدود میں پیش آئے سڑک حادثہ میں دو افراد ہلاک ہوگئے ۔ دونوں آپس میں ساتھی بتائے گئے ہیں جو ایک موٹر سائیکل پر سوار تھے ۔ جو ایک تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے ۔ راجندر نگر پولیس کے مطابق 19 سالہ انجن کمار ساکن نوری نگر بنڈلہ گوڑہ اور 28 سالہ شراون کمار ساکن حسن نگر دونوں موٹر سائیکل پر جارہے تھے کہ حادثہ پیش آیا ۔ لنگر حوض پولیس کے مطابق 27 سالہ سنیل کمار جو پیشہ سے خانگی ملازم کارخانہ سکندرآباد علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ 26 اگست یہ شخص اپنی موٹر سائیکل پر لنگر حوض علاقہ سے گذر رہا تھا کہ موٹر سائیکل ڈیوائڈر سے ٹکرا کر حادثہ کا شکار ہوگئی اور شدید زخمی حالت میں سنیل کمار کل رات فوت ہوگیا ۔ کوکٹ پلی پولیس کے مطابق ایک 75 سالہ شخص وینکٹ رتنم جو کوکٹ پلی علاقہ میں رہتا تھا ۔ 3 ستمبر کو سڑک عبور کرنے کے دوران نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔