سڑک حادثات میں چار افراد ہلاک، ایک کی عدم شناخت

حیدرآباد /30 جنوری ( سیاست نیوز ) سائبرآباد حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں چار افراد ہلاک ہوگئے ۔ جن میں ایک کی شناخت نہیں ہوپائی ہے ۔ نارسنگی معین آباد رائے درگم اور میڑچل حدود میں حادثات پیش آئے ۔ نارسنگی پولیس کے مطابق 22 سالہ عبدالفرید جو حیدر شاہ کوٹ کے ساکن عبدالحمید کا بیٹا تھا پیشہ سے ویلڈر بتایا گیا ہے ۔ 25 جنوری کے دن یہ نوجوان سڑک عبور کر رہا تھا کہ ایک موٹر سائیکل کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران آج فوت ہوگیا ۔ معین آباد پولیس کے مطاق 30 سالہ ای راملو جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا کللکا چرلہ ضلع رنگاریڈی کا ساکن بتایا گیا ہے وہ کل اپنی موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ اس کی موٹر سائیکل ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی اور وہ شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ رائے درگم پولیس کے مطابق ایک شخص جو کل آوٹر رنگ روڈ پر سڑک عبور کر رہا تھا کہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ اس شخص کی شناخت نہیں ہو پائی ہے۔ جس کی عمر 40 سال بتائی گئی ہے ۔ میڑچل پولیس کے مطابق 38 سالہ کے سرینواس ریڈی جو پیشہ سے مزدور تھا ۔ بوڑاپل کا ساکن بتایا گیا ہے وہ 28 جنوری کے دن سڑک عبور کرنے کے دوران ٹریکٹر کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا تھا جس کی کل رات دیر گئے موت ہوگئی ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔