حیدرآباد /20 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) سائبرآباد اور حیدرآباد حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں 4 افراد بشمول ایک کمسن لڑکی ہلاک اور دیگر شدید زخمی ہوگئے ۔ میاں پور پولیس کے مطابق حفیظ پیٹ میں پیش آئے ایک دلسوز واقعہ میں دیڑھ سالہ شیخ نجمہ ہلاک ہوگئی ۔ نجمہ کی ہلاکت کے بعد حفیظ پیٹ میں سنسنی پھیل گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ آدتیہ نگر حفیظ پیٹ کے ساکن شیخ نصیرالدین کی لڑکی نجمہ اپنے مکان کے پاس کھیل رہی تھی ۔ اسی بستی میں ایک آٹو اسٹارٹ نہیں ہو رہا تھا ۔ جس کو بستی کے چند افراد دھکہ دے رہے تھے اور لڑکی آٹو سے کافی دوری پر ٹھہری ہوئی تھی کہ آٹو اچانک اسٹارٹ ہوگیا اور اس کو قابو میں کرنے والا کوئی نہیں تھا بے قابو آٹو آگے بڑھا اور کمسن لڑکی کو روند دیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس حادثہ میں نجمہ برسر موقع ہلاک ہوگئی ۔ گھٹکیسر پولیس کے مطابق 19 سالہ شیکھر جو انٹر سال دوم کا طالب علم تھا شاہ میر پیٹ علاقہ کے ساکن وینکٹیش کا بیٹا بتایا گیا ہے ۔ وہ 17 اکٹوبر کے دن اپنی موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ حادثہ پیش آیا ۔ شدید زخمی حالت میں شیکھر کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج کل رات وہ فوت ہوگیا ۔ میڈپلی پولیس کے مطاب60 سالہ کے ستیا جو پیشہ سے مزدور اور سرونا نگر میں رہتا تھا کل رات اپنے مکان کے قریب سڑک عبور کرنے کے دوران ایک تیز رفتار آر ٹی سی بس کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ بوئن پلی پولیس کے مطابق 50 سالہ نرسمہا ریڈی جو سکندرآباد کنٹونمنٹ بورڈ میں جاروب کشی کا کام کرتا تھا گذشتہ ہفتہ وہ موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ موٹر سائیکل بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگیا اور شدید زخمی حالت میں کل رات فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔