سڑک حادثات میں چار افراد بشمول دو خواتین ہلاک

حیدرآباد /28 مئی ( سیاست نیوز ) سائبرآباد کمشنریٹ حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں 4 افراد بشمول دو خاتون ہلاک ہوگئے ۔ جیڈی میٹلہ پولیس کے مطابق 50 سالہ شہزادی بی جو روڈا میستری نگر علاقہ کے ساکن عبدالغنی کی بیوی تھی ۔ کل شام اپنے مکان کے قریب پیدل جاری تھی کہ ایک ڈی سی ایم گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگئی جو رات دیر گئے علاج کے دوران فوت ہوگئی ۔ پیٹ بشیرآباد پولیس کے مطابق 22 سالہ منوج کمار ورما جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا ۔ بی کے گوڑہ ایس آر نگر علاقہ کے ساکن وجئے ورما کا بیٹا تھا ۔ وہ کل انٹرویو دینے گیا تھا اور واپسی کے دوران اپنی موٹر سائیکل پر آرہا تھا کہ ایک خانگی بس کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ شاہ میر پیٹ پولیس کے مطابق 28 سالہ بی وشنو جو سوریہ نگر الوال میں رہتا تھا جو محبوب نگر کا متوطن بتایا گیا ہے ۔ وہ کل علی آباد چوراہے شاہ میر پیٹ پر پیش آئے سڑک حادثہ میں فوت ہوگیا ۔ کشائی گوڑہ پولیس ذرائع کے مطابق 54 سالہ رمادیوی جو کشائی گوڑہ علاقہ کے ساکن گنگادھر راؤ کی بیوی تھی ۔ خانگی ملازمہ بتائی گئی ہے ۔ وہ کام سے واپسی کے دوران موٹر سائیکل کی زدمیں آکر شدید زخمی ہوگئی تھی ۔یہ حادثہ 23 مئی کے دن پیش آیا تھا ۔ رمادیوی کل رات فوت ہوگئی ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں ۔