حیدرآباد ۔ /24 ڈسمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد و سائبر آباد میں پیش آئے مختلف سڑک حادثات میں 5 افراد ہلاک ہوگئے ۔ معین آباد پولیس کے بموجب 24 سالہ ایم سدھاکر ساکن سری رام نگر جو پیشہ سے مزدور تھا 22 ڈسمبر کو اپنی موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ تیز رفتار آٹو ٹرالی نے اسے ٹکر دیدی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگیا ۔ سدھاکر کو دواخانہ عثمانیہ میں شریک کیا گیا تھا اور وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ اسی قسم کے ایک اور واقعہ میں عبداللہ پورمیٹ پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں 35 سالہ مزدور این جنگیا ساکن مرلی کرشنا نگر ، لینن نگر جو کار کی ٹکر سے 22 ڈسمبر کو شدید زخمی ہوگیا تھا آج صبح دوران علاج فوت ہوگیا ۔ پولیس عبداللہ پورمیٹ نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ نریڈمیٹ پولیس کے بموجب 30 سالہ پی وینکٹیش ساکن جمی گڈہ جو پیشہ سے مزدور تھا موٹر سائیکل پر تیز رفتاری سے جارہا تھا کہ اتفاقی طور پر گاڑی پھسلنے سے حادثہ کا شکار ہوگیا اور گاندھی ہاسپٹل میں دوران علاج فوت ہوگیا ۔ بنجارہ ہلز پولیس کے مطابق 20 سالہ طالبعلم ہری کرشنا روڈ نمبر 14 بنجارہ ہلز پر سڑک عبور کررہا تھا کہ اسے نامعلوم موٹر سائیکل نے ٹکر دیدی جس کے نتیجہ میں وہ برسرموقع ہلاک ہوگیا ۔ اسی طرح بنجارہ ہلز علاقہ میں 52 سالہ لکشمی ساکن اے ایس راؤ نگر کو 22 ڈسمبر کو موٹر سائیکل سوار نے ٹکر دیدی تھی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگئی تھی ۔ خاتون کو گاندھی ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا ۔ آج زخموں سے جانبر نہ ہوسکی ۔