حیدرآباد۔/16فبروری،( سیاست نیوز) مختلف سڑک حادثات میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔ پہلے واقعہ میں 50سالہ آٹو ڈرائیور کو تیز رفتار کار نے خیریت آباد کے قریب ٹکر دے دی۔ بتایا جاتا ہے کہ ایم گیانیشور ساکن سی آئی بی کوارٹرس خیریت آباد آج صبح اپنے آٹو میں خیریت آباد مین روڈ کے قریب پہنچا تھا کہ اسے تیز رفتار کار نے ٹکر دے دی۔ اس حادثہ میں گیانیشور شدید زخمی ہوگیا اور اسے قریب میں واقع خانگی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ سیف آباد پولیس نے کار ڈرائیور کے خلاف لاپرواہی کا مقدمہ درج کرلیا ہے اور نعش کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کردیا۔ منچال پولیس کے بموجب ضلع رنگاریڈی میں پیش آئے ایک واقعہ میں 56سالہ مزدور جی متیا اسوقت حادثہ کا شکار ہوگیا جب وہ سڑک عبور کرنے کی کوشش کررہا تھا کہ اسے تیز رفتار کار نے ٹکر دے دی۔ اس حادثہ میں وہ شدید زخمی ہوگیا تھا اور بعد ازاں وہ فوت ہوگیا۔نعش کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا گیا جہاں پر پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ راجندر نگر پولیس کے بموجب 60سالہ خاتون چنماں جو سڑک حادثہ میں شدید زخمی ہوگئی تھی دوران علاج دواخانہ عثمانیہ میں آج فوت ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ 6فبروری کو تیز رفتار لاری نے اسے ٹکر دے دی تھی اور زخمی حالت میں اسے دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا تھا۔ راجندر نگر پولیس نے لاری ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔اسی قسم کے ایک اور واقعہ میں ضلع محبوب نگر کے مندکل علاقہ میں آر ٹی سی بس کی آٹو ٹرالی کو ٹکر سے زخمی ہونے والا بی ملڈاکل آج دوران علاج فوت ہوگیا۔ کتور پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔ سرورنگر پولیس کے بموجب 35سالہ نامعلوم شخص اسوقت تیز رفتار گاڑی کی زد میں آگیا جب وہ سرور نگر میں سڑک عبور کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔