حیدرآباد 20 جنوری (سیاست نیوز)سائبر آباد اور اطراف کے پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں 5افراد ہلاک دیگر زخمی ہوگئے ۔ بالا نگر پولیس کے مطابق 35 سالہ محمد جہانگیر جو حافظ بابا نگر کے ساکن محمد حسین کے بیٹا تھا وہ گذشتہ ہفتہ بالا نگر کے علاقہ سے گذر رہا تھا کہ حادثہ پیش آیا اور وہ شدید زخمی حالت میں آج فوت ہوگیا ۔ نارسنگی پولیس کے مطابق 19 سالہ بسوا جیت یادو جو حیدر شاہ کوٹ علاقہ میں رہتا تھا ۔ انجینئرنگ کا طالب علم بتایا گیا ہے وہ اپنے ساتھی کے ہمراہ موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ حادثہ پیش آیا ۔
پولیس ذرائع کے مطابق موٹر سیکل بے قابو ہوگئی جبکہ وہ گاڑی سے کھیل رہے تھے۔ اس موقع پر بسوا جیت یادو ہلاک اور اس کا ساتھی زخمی ہوگیا ۔ راجندر نگر پولیس کے مطابق 35 سالہ کرمایا جو آصف نگر کا ساکن تھا 12 جنوری کے دن وہ موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ گگن پہاڑ کے علاقہ میں حادثہ پیش آیا اور وہ شدید زخمی حالت میں کل رات فوت ہوگیا ۔ میر پیٹ پولیس کے مطابق 35 سالہ راجو گوڑ جو موبائیل کی دکان کا مالک تھا مائتری پورم کرمن گھاٹ کے علاقہ میں رہتا تھا ۔ وہ کل رات آٹو کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ الوال پولیس کے مطابق 87 سالہ کنڈال لال جو سابقہ فوجی تھا ۔ الوال میں رہتا تھا وہ 31 ڈسمبر کے دن سڑک عبور کرنے کے دوران کار کی زد میں آکر آج ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔