سڑک حادثات میں پانچ افراد بشمول خاتون ہلاک –

حیدرآباد 14 نومبر (سیاست نیوز)شہر ونواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 5 افراد بشمول ایک خاتون ہلاک ہوگئی تاہم اس خاتون کی شناخت نہیں ہوپائی ہے جو قومی شاہراہ نمبر 65 پر آج سڑک عبور کرنے کے دوران ہلاک ہوگئی ۔ حیات نگر پولیس کے مطابق ایک 40 سالہ نا معلوم خاتون جو انعام گوڑہ علاقہ میں آج صبح سڑک عبور کرنے کی کوشش کررہی تھی کہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگئی جبکہ حیات نگر حدود میں ایک اور سڑک حادثہ پیش آیا جہاں 45 سالہ مدن لعل جو پیشہ سے سوپروائزر تھا کنٹلور حیات نگر میں رہتا تھا مدن کا تعلق ریاست راجستھان سے بتایاگیا ہے جو کل موٹر سیکل پر قومی شاہراہ نمبر 65 سے گذررہا تھا کہ ایک کار کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا جو علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ سنتوش نگر پولیس کے مطابق 44 سالہ وی بہادر جو پیشہ سے لیبر تھا چیتنیہ پوری سرور نگر میں رہتا تھا ۔ اپنے ایک ساتھی شیخ بہادر کے ہمراہ سڑک عبور کررہا تھا کہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ جبکہ اس حادثہ میں اس کا ساتھی شدید زخمی ہوگیا ۔ نارسنگی پولیس کے مطابق 32 سالہ سیشاد لو جو ایک ہوٹل میں منیجر کی حیثیت سے کام کرتا تھا۔ نامپلی علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے کل وہ اپنی یوم پیدائش تقریب منانے کے لئے اپنے ساتھی کے ہمراہ شہر کے باہر گیا تھا واپسی کے دوران رات تقریبا ساڑے 12 بجے نارسنگی روٹری ون کے قریب موٹر سیکل اچانک بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگیا اور روڈ ڈیوائیڈر سے موٹر سیکل ٹکرانے کے سبب وہ برسر موقع ہلاک اور اس کا ساتھی شدید زخمی ہوگیا ۔ چند نگر پولیس کے مطابق 38 سالہ سرینواس راو جو چندا نگر میں رہتا تھا خانگی ملازم بتایا گیا ہے وہ اپنی موٹر سیکل پر آرہاتھا کہ موٹر سیکل بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی علاج کے دوران یہ شخص آج فوت ہوگیا ۔ حادثہ گذشتہ ماہ پیش آیا تھا پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔