سڑک حادثات میں پانچ افراد بشمول خاتون و کمسن کی موت-

حیدرآباد /26 جنوری ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 5 افراد بشمول ایک خاتون اور کمسن طالب علم ہلاک ہوگیا ۔ رام گوپال پیٹ پولیس کے مطابق نجمہ بیگم جو نلہ کنٹہ علاقہ کے ساکن افسر خان کی بیوی تھی 24 جنوری کے دن رانی گنج کے علاقہ میں سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے سڑک حادثہ میں موٹر سائیکل کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگئی تھی جو کل رات فوت ہوگئی ۔ جیڈی میٹلہ پولیس کے مطابق 11 سالہ عدنان جو اندرا نگر گاجولہ رامارم علاقہ کے ساکن محمد عنایت کا بیٹا تھا ۔ طالب علم بتایا گیا ہے ۔ وہ اپنے مکان کے قریب کھیل میں مصروف تھا کہ ایک تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ گچی باؤلی پولیس کے مطابق 45 سالہ راگھولو جو ٹیلی کام کالونی کا ساکن تھا ۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں مالی کا کام کرتا تھا ۔ آج وہ سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے سڑک حاثہ میں بی ایم ڈبلیو کار کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ پیٹ بشیرآباد پولیس کے مطابق 45 سالہ اپا راؤ جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا ۔ میڑچل میں رہتا تھا ۔ 7 جنوری کے دن وہ اپنی موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ حادثہ کا شکار ہوگیا ۔ جس کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ جہاں علاج کے دوران کل رات دیر گئے وہ فوت ہوگیا ۔ گاندھی نگر پولیس کے مطابق 35 سالہ رمیش جو پیشہ سے مزدور تھا ۔ وہ کل سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔