حیدرآباد 30 جنوری (سیاست نیوز) ابراہیم پٹنم اور لنگر حوض پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں دو افراد بشمول ایک کمسن ہلاک اور دیگر زخمی ہوگئے۔ ابراہیم پٹنم پولیس کے مطابق 4 سالہ شرت جو ابراہیم پٹنم علاقہ کے ساکن وشنو کا بیٹا تھا، آج اپنی ماں کے ہمراہ آر ٹی سی بس سے اُترنے کے دوران بس کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ شرت اپنی والدہ اور ایک چھوٹے بھائی کے ہمراہ سنتوش نگر سے ابراہیم پٹنم کے علاقہ کمورم بھیم نگر میں واقع اپنے مکان جارہا تھا۔ اس کی والدہ چھوٹے بھائی کو لے کر بس سے اُتر گئی اور شرت بس سے اُتر رہا تھا کہ بس ڈرائیور نے بس کو آگے بڑھادیا۔ اس دوران کمسن بس کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ یہ حادثہ چنتا پلی کے پاس پیش آیا۔ لنگرحوض پولیس کے مطابق ایک 42 سالہ شخص ستیہ نارائنا چاری جو پیشہ سے مزدور تھا۔ وقارآباد علاقہ کا متوطن بتایا گیا ہے۔ آج مہدی پٹنم سے وقارآباد جانے کیلئے آٹو میں سوار ہوا۔ لنگرحوض درگاہ کے قریب آٹو کو ٹپر لاری نے ٹکر دے دی جس کے سبب ایک شخص ہلاک اور دیگر زخمی ہوگئے۔