حیدرآباد /11 ستمبر ( سیاست نیوز ) نارسنگی اور پیٹ بشیرآباد پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں دو افراد بشمول ایک لڑکی فوت ہوگئی ۔ نارسنگی پولیس کے مطابق 18 سالہ ثناء بیگم جو علیبالور کالونی کے ساکن عبداللہ حامد کی بیٹی تھی اپنے رشتہ دار کے ہمراہ موٹر سائیکل پر آرہی تھی کہ روڈ نمبر 2 فلائی اوور کے قریب تیز رفتار ٹپر لاری کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگئی جو وجئے میری ہاسپٹل میں علاج کے دوران فوت ہوگئی ۔ پیٹ بشیرآباد پولیس کے مطابق 44 سالہ سی ایچ سدھاکر جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا ۔ گنڈلہ پوچم پلی میں رہتا تھا ۔ وہ آٹو میں جارہا تھا کہ ایک ٹریکٹر سے آٹو ٹکرا گیا ۔ شدید زخمی حالت میں سدھاکر علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔