سڑک حادثات میں تین ا فراد ہلاک

حیدرآباد /5 نومبر ( سیاست نیوز ) اپل اور ونستھلی پورم پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں تین افراد فوت ہوگئے ۔ اپل پولیس کے مطابق 71 سالہ جے پی داس جو اپل علاقہ کا ساکن تھا کل شام اپل میں واقعہ ترکاری مارکٹ جارہا تھا کہ سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ اس شخص کو ٹینکر نے ٹکر دے دی ۔ اپل پولیس کے مطابق ایک 97 سالہ شخص دیش پانڈے جو حبشی گوڑہ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ وہ آج مندر جانے کیلئے سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں شدید زخمی ہوگیا ۔ اس ضعیف شخص کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران وہ کل رات فوت ہوگیا ۔ ونستھلی پورم پولیس کے مطابق ایک 35 سالہ شخص جس کی شناخت نہیں ہوپائی ہے ۔ کل شام انجاپور بس اسٹاپ کے قریب سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے سڑک حادثہ میں شدید زخمی ہوگیا اور رات دیر گئے فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔

چلتی ٹرین سے گرنے پر ایک شخص ہلاک
حیدرآباد /5 نومبر ( سیاست نیوز ) چلتی ٹرین سے مشتبہ طور پر گرکر ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔ یہ واقعہ جامعہ عثمانیہ اور ودیا نگر ریلوے لائین کے درمیان پیش آیا ۔ ریلوے پولیس کاچی گوڑہ کے مطابق 30 سالہ شخص جو ایک ٹرین میں سفر کر رہا تھا ۔ چلتی ٹرین سے مشتبہ طور پر گرکر ہلاک ہوگیا ۔ اس شخص کی شناخت نہیں ہوپائی ہے ۔ ریلوے پولیس کاچی گوڑہ نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔