حیدرآباد۔/16مئی، ( سیاست نیوز) رائے درگم سرور نگر اور ترملگیری حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔ رائے درگم پولیس کے مطابق60سالہ محمد بشیر جو نانک رام گوڑہ علاقہ کے ساکن تھے یہ ضعیف شخص سڑک کے کنارے پھلی فروخت کرتا تھا۔ 4مئی کو یہ شخص سیکل پر جارہا تھا کہ ایک تیز رفتار موٹر سیکل نے اسے ٹکر دے دی اور وہ شدید زخمی حالت میں آج فوت ہوگئے۔ موٹر سیکل راں ایک سب انسپکٹر کا بیٹا بتایا گیا ہے جو اس غریب و لاچار ضعیف شخص اور ان کے افراد خاندان پر اثر انداز ہورہا تھا اور پولیس کی کارروائی میں بھی اپنے والد کے رتبہ اور عہدہ کی وجہ سے اس ضعیف شخص کے خاندان کو مبینہ طور پر ہراساں کررہا تھا۔ سرورنگر پولیس کے مطابق 36سالہ یادیا جو پیشہ سے مزدور تھا کل سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں پانی کے ٹینکر کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ ترملگیری پولیس کے مطابق 65سالہ ضعیف شخص جو رام نگر علاقہ کا ساکن تھا کل ملٹری علاقہ سے گزررہا تھا کہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔