سڑک حادثات میں تین افراد ہلاک

حیدرآباد ۔ 13 مئی ۔ ( سیاست نیوز) حیدرآباد و سائبرآباد حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں تین افراد بشمول ماں بیٹا ہلاک و دیگر زخمی ہوگئے ۔ میاں پور پولیس کے مطابق 29 سالہ سریکانت اور اس کی والدہ 52 سالہ پدما ایک حادثہ میں ہلاک ہوگئے جو میاں پور کے حدود مدینہ گوڑہ میں پیش آیا ۔ ماں بیٹا اپنے افراد خاندان کے ہمراہ ایک تقریب میں شرکت کے بعد واپس ہورہے تھے کہ سڑک کے کنارے ہوٹل کے سائن بورڈ سے ٹکرانے کے بعد کارٹ اُلٹ گئی ۔ اس کار میں سوار دیگر 7 افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ یہ خاندان بی ایچ ای ایل ٹاؤن شپ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ کوکٹ پلی کے علاقہ میں ایک طوفان فورس گاڑی کی رفتار قابو کھوبیٹھنے سے پیش آئے حادثہ میں ایک شخص شدید زـخمی ہوگیا تاہم اس کی تفصیلات کا پتہ نہ چل سکا ۔ طوفان گاڑی جو سفر کیلئے خطرناک تصور کی جاتی ہے کوکٹ پلی کے علاقہ میں میٹرو ریل کے ایک پلر سے ٹکرا گئی ۔ اس حادثہ میں دیگر 4 افراد بھی زخمی ہوگئے جن میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ بوئن پلی پولیس کے مطابق 22 سالہ سلو اسٹریال نامی شخص ایک سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگیا جو پیشہ سے خانگی ملازم بتایا گیا ہے ۔ پالی امو گوڑہ علاقہ کا ساکن تھا ۔ کل رات وہ موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ بوئن پلی کے علاقہ میں حادثہ پیش آیا اور پالی شدید زخمی حالت میں فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔