سڑک حادثات میں تین افراد ہلاک –

حیدرآباد 5 ڈسمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد و سائبر آباد حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں تین افراد فوت ہوگئے ۔ گاندھی نگر پولیس کے مطابق 45 سالہ محمد شریف جو دومل گوڑہ علاقہ کا ساکن تھا 24 نومبر کے دن اپنی موٹر سیکل پر کواڑی گوڑہ علاقہ سے گذر رہا تھا کہ کواڑی گوڑہ کے چوراہے پر ان کی موٹر سیکل بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی اور وہ شدید زخمی حالت میں آج فوت ہوگیا ۔ کشائی گوڑہ پولیس کے مطابق 34 سالہ ناگیش جو پیشہ سے مزدور تھا۔یادگار پل علاقہ میںرہتا تھا ۔ 3 ڈسمبر کے دن وہ اپنی موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ نا معلوم گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا جس کی کل رات علاج کے دوران موت ہوگئی۔ کوکٹ پلی پولیس کے مطابق 70 سالہ ناگا راجو جو سابقہ فوجی بتایا گیا ہے کوکٹ پلی میں رہتا تھا ۔ یکم ڈسمبر کے دن وہ سڑک عبور کرنے کے دوران آر ٹی سی بس کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا تھا جس کی آج صبح موت ہوگئی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔