سڑک حادثات میں تین افراد ہلاک

حیدرآباد /3 ستمبر ( سیاست نیوز ) چندرائن گٹہ ، پیٹ بشیرآباد اور کندکور پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں تین افراد ہلاک ہوگئے جن میں دو چہل قدمی کے دوران ہلاک ہوگئے ۔ چندرائن گٹہ پولیس کے مطابق 34 سالہ شیخ محبوب جو پیشہ سے میوہ کا تاجر تھا ضلع نظام آباد کا متوطن بتایا گیا ہے ۔ وہ اپنے رشتہ دار کے یہاں بارکس آیا ہوا تھا اور چہل قدمی میں مصروف تھا کہ آج صبح کے اولین اوقات میں آر پی ایف گیٹ کے قریب ایک نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ مقام حادثہ پر دلخراش مناظر دیکھے گئے ۔ کندکور پولیس کے مطابق 42 سالہ رمیش جو خانگی ملازم تھا کندکور میں رہتا تھا وہ آج ایک تیز رفتار آر ٹی سی بس کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ پیٹ بشیرآباد پولیس کے مطابق 88 سالہ سبا راجو جو پیشہ سے تاجر تھا کومپلی میں رہتا تھا ۔ وہ آج صبح روزانہ معمول کی طرح چہل قدمی کر رہا تھا کہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔