سڑک حادثات میں تین افراد ہلاک

حیدرآباد۔/14 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔ ہمایوں نگر پولیس حدود میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں طالب علم ہلاک ہوگیا۔ ہمایوں نگر پولیس کے مطابق 20 سالہ سید رحمان جو گڈی ملکا پور علاقہ کے ساکن سید غنی کا بیٹا تھا یہ لڑکا طالب علم بتایا گیا جو کل رات موٹر سیکل پر مانصاحب ٹینک علاقہ سے گذر رہاتھا کہ حادثہ کا شکار ہوگیا اور اس حادثہ میں فوت ہوگیا۔ بالا پور پولیس کے مطابق 34 سالہ عمران جو ایرہ کنٹہ علاقہ کے ساکن محمد شوکت کا بیٹا تھا کل درگاہ شریف سے واپس ہورہا تھا کہ بالاپور کے علاقہ میں حادثہ کا شکار ہوگیا۔ اس حادثہ میں شدید زخمی عمران علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ ایل بی نگر پولیس کے مطابق 26 سالہ پنڈاری جو پیشہ سے لیبر تھا کتہ پیٹ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے کل یہ شخص ناگول کے علاقہ میں سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگا۔پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔