سڑک حادثات میں تین افراد بشمول کمسن ہلاک

حیدرآباد /19 مارچ ( سیاست نیوز ) سائبرآباد حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں تین افراد بشمول ایک کمسن اور خاتون ہلاک ہوگئے ۔ گھٹکیسر پولیس کے مطابق 4 سالہ پوجا شری جو گھٹکیسر علاقہ کے ساکن سری سیلم کی بیوی تھی اپنے مکان کے قریب کھیل میں مصروف تھی ۔ یہ کمسن سڑک عبور کرنے کے دوران لاری کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگئی ۔ میڑپلی پولیس کے مطابق 28 سالہ شیوانی جویرگٹی نگر کے ساکن شیوا کی بیوی تھی پیشہ سے ٹیلر بتائی گئی ہے ۔ کل رات دونوں میاں بیوی موٹر سائیکل پر جارہے تھے کہ موٹر سائیکل سڑک پر موجودہ گڈے میں اتر گئی ۔ جس کے سبب شیوانی موٹر سائیکل سے گرکر شدید زخمی ہوگئی ۔ جو علاج کے دوران رات دیر گئے فوت ہوگئی ۔ مائیلاردیوپلی پولیس کے مطابق 28 سالہ پون جو پیشہ سے میستری تھا لکشمی گوڑہ راجندر نگر کا ساکن بتایا گیا ہے کہ وہ کل اتم گڈہ علاقہ میں سڑک عبور کرنے کے دوران ڈی سی ایم گاڑی کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔