سڑک حادثات میں تین افراد بشمول خاتون ہلاک

حیدرآباد /15 جون ( سیاست نیوز ) حیدرآبادو سائبرآباد حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں 3 افراد بشمول ایک خاتون فوت ہوگئی ۔ سعیدآباد پولیس کے مطابق 45 سالہ سید احمد جو چنچل گوڑہ علاقہ کا ساکن تھا پیشہ سے کپڑے کا تاجر بتایا گیا ہے ۔ یہ شخص سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا تھا ۔ جو علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔بوئن پلی پولیس کے مطابق 48 سالہ ششی کلہ جو ورنگل کے متوطن نارائنا کی بیوی تھی ۔ 9 جون کے دن بوئن پلی کے علاقہ میں واقع ایک فنکشن ہال کے قریب اپنی ساتھی خاتون رشتہ دار کے ہمراہ سڑک عبور کرنے کے دوران موٹر سائیکل کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگئی تھی جو علاج کے دوران آج فوت ہوگئی ۔ حیات نگر پولیس کے مطابق 29 سالہ سریش جو پیشہ سے کار میکانک تھا ۔ نلگنڈہ ضلع کا متوطن بتایا گیا ہے وہ کل موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔