حیدرآباد 24 اکٹوبر (سیاست نیوز) گولکنڈہ، راجندر نگر اور پوچم پلی پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں تین افراد بشمول ایک خاتون ہلاک و دیگر زخمی ہوگئے۔ گولکنڈہ پولیس کے مطابق 68 سالہ یادماں جو ابراہیم باغ علاقہ کے ساکن جنگپا کی بیوی اپنے افراد خاندان کے ساتھ کل رات گاڑی میں واپس ہورہی تھی کہ آرمی گیٹ کے قریب یو ٹرن لینے کے دوران گاڑی حادثہ کا شکار ہوگئی اور ضعیف خاتون شدید زخمی حالت میں فوت ہوگئی۔ اس حادثہ میں یادماں کے دیگر افراد خاندان بھی شدید زخمی ہوگئے ان کی گاڑی ایک دودھ کی ٹینکر کی زد میں آگئی تھی۔ راجندر نگر پولیس کے مطابق 20 سالہ وجیندر جو پیشہ سے کرانہ دوکان میں کام کرتا تھا، پریماوتی پیٹ علاقہ میں رہتا تھا، کل وہ اپنی موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ شیورام پلی کے علاقہ میں موٹر سیکل لاری کی زد میں آگئی اور شدید زخمی حالت میں وجیندر فوت ہوگیا۔ پوچم پلی پولیس کے مطابق 39 سالہ کرشنا جو پیشہ سے مزدور رامنا پیٹ علاقہ میں رہتا تھا وہ اپنی بیوی لکشمی کے ساتھ موٹر سیکل پر آرہا تھا کہ ایک موٹر سیکل کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور رات میں علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔