سڑکوں کی تعمیر کیلئے رقمی منظوری

مکتھل 2 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)رکن اسمبلی مکتھل مسٹر سی رام موہن ریڈی نے کہا کہ مکتھل منڈل کی ہمہ جہتی ترقی اور تمام دیہی علاقوں کو منڈل مستقر سے مربوط کرنے کیلئے ریاستی حکومت نے سڑکوں کی تعمیر کے بابت 15 کروڑ 73 لاکھ روپئے کی خطیر رقم منظور کی ہے جبکہ اس کے علاوہ مزید بی ٹی روڈس کیلئے 18 کروڑ 23 لاکھ روپئے کا تخمینہ بناتے ہوئے ایک رپورٹ حکومت کو روانہ کیا گیا ہے اور امکان ہے کہ بہت جلد اس کی بھی منظوری حاصل ہوگی ۔ مسٹر رام موہن ریڈی ایم ایل اے مکتھل منڈل کے موضع متن گوڑہ میں معذورین اور عمر رسیدہ افراد میںوظائف کی تقسیم کے موقع پر منعقدہ ایک عوامی جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوںنے اپنے ہاتھوں مستحقین میں وظائف تقسیم کرتے ہوئے تمام عہدیداروں سے کہا کہ تمام استحقاق رکھنے والے افراد میںوظائف کی تقسیم کو یقینی بنائیں۔ جبکہ وظیفہ کیلئے حکومت کی بعض شرائط کے باعث کئی مستحقین کو اس سے محروم کیا جارہا ہے ۔ مسٹر رام موہن ریڈی نے سابق کانگریس حکومت سے تقابل کرتے ہوئے بتایا کہ سابق میں اس موضع کے 728 افراد حکومت کے رعایتی وطیفہ سے استفادہ کررہے تھے جبکہ اب صرف 344 افراد ہی کو وظیفہ کا استحقاق کردیا گیا ہے ۔ مسٹررام موہن ریڈی نے ریاستی وزیر اعلی سے اپیل کی کہ وہ تمام مستحق افراد کو وظائف کا حقدار بنائیں ۔ اس موقع پر اسپیشل آفیسر مسٹر سہاب راج منڈل پریشد آفیسر جئے شنکر پرشاد، مسٹر سری ہری زیڈ پی ٹی سی و دیگر موجود تھے ۔