ممبئی ۔ 24اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق عظیم کھلاڑی سچن تنڈولکر نے آج اپنی 45 ویں سالگرہ منائی اور اس موقعہ پر انھوں نے اپنے شاندار 20سالہ کیرئیر کے کئی یادگار لمحات یاد کئے جن میں سرفہرست ممبئی میں 2011 ء ورلڈ کپ کی کامیابی ہے ۔ سچن نے سالگرہ کے موقع پر یہاں ایک کتاب کی رسم اجراء بھی کی اور اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ ورلڈ کپ کے فائنل کے وقت ان کی اہلیہ انجلی تنڈولکر توہم پرستی کی وجہ سے میدان پر موجود نہیں تھی جس کے بعد انھوں نے اہلیہ کو فون کرتے ہوئے میدان آنے اور ڈریسنگ روم میں پہنچنے کی دعوت دی ۔ انجلی جب کار سے میدان پہونچی تو اُس وقت تک میدان کے باہر عوام جشن منارہے تھے اور کئی افراد کار پر بھی چڑھ گئے ۔ 20 سال قبل شارجہ میں اسی دن سچن نے آسٹریلیا کیخلاف یادگار کامیابی حاصل کی تھی ۔