سچن کا آسٹریلیا میں بہتر نتائج کیلئے بیٹسمینوں کو مشورہ

نئی دہلی ۔4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم ان دنوں آسٹریلیا کے دورے پر ہے اور اس کے لئے اطمینان کی بات ہے کہ اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنز پابندی کی وجہ سے میزبان ٹیم کا حصہ نہیں ہیں لیکن وہ فکر مند ہیں کہ مچل اسٹارک اور پیٹ کومنز تیز وکٹوں پر ہندوستانی بیٹسمینوں کو پریشان کرسکتے ہیں لیکن سچن تنڈولکر نے اسی پریشانی کو دیکھتے ہوئے خصوصی مشورہ دیا ہے کہ ٹاپ تھری بیٹسمین پہلے 30 اوورز محتاط بیٹنگ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ مڈل آرڈرکو نئی گیند کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ تفصیلات کے مطابق سچن نے کہا ہے کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کی وکٹوں پر اوپننگ جوڑی کی اہمیت بہت بڑھ جاتی ہے۔ ایک، دو اور تین بعض اوقات چوتھے نمبر کی باری بھی جلدی آجاتی ہے، ایسے موقع پر ایک سے تین نمبر کے بیٹسمین کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ تیس اوور تک وکٹ پر قیام کرے۔ سچن نے مزید کہا کہ دورہ انگلینڈ پر بھی میں نے کہا تھا کہ پہلے چالیس اوور بہت اہم ہیں اس کے بعد گیند کی سختی ختم ہوجاتی ہے لیکن گیندکچھ سوئنگ ضرور ہوتی ہے لیکن اسے آپ ہم آہنگ ہوسکتے ہیں لیکن اگر گیند سخت ہوتو وہ بیٹسمینوں کو ہم آہنگ ہونے کا وقت نہیں ملتا۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان چار ٹسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ 6 دسمبر کو اڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔