نئی دہلی۔ 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی ایک طویل عرصہ تک بین الاقوامی سطح پر انتہائی کامیاب ترین نمائندگی کرنے کے بعد اپنی سبکدوشی پر مطمئن نظر آرہے ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر نے کہا ہے کہ اب ان کی دوسری اننگز ان دیہاتوں میں برقی سربراہی کو یقینی بنانا ہے جہاں آج بھی مصنوعی روشنی ایک خواب ہے۔ سابق لیجنڈ بیٹسمین سچن تنڈولکر نے جو اب راجیہ سبھا کے رکن بھی ہیں، کہا کہ اب ان کی تمام تر توجہ دیہاتوں میں برقی سربراہی کو یقینی بنانا ہے۔ اپنی دوسری اننگز کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے سچن نے اسٹار اسپورٹس سے کہا کہ میری دوسری اننگز عوامی فلاح و بہبود کیلئے ہوگی کیونکہ ہندوستان میں کئی ایسے گاؤں ہنوز موجود ہیں جہاں مصنوعی روشنی کا کوئی انتظام نہیں اور یہاں کی زندگی طلوع آفتاب سے شروع ہونے کے بعد غروب آفتاب پر ختم ہوجاتی ہے۔ ریاست آندھرا پردیش کے گاؤں پوتم راجو کندریکا میں حکومت کے ایک پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے میڈیا نمائندوں سے کہا کہ ہر گاؤں میں روشنی کو یقینی بنانے کے لئے سب کا تعاون ضروری ہے
اور مجھے امید ہے کہ اس اہم کامیاب میں ہر کوئی اپنا تعاون کرے گا۔ سچن تنڈولکر نے کرکٹ کے متعلق بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور آسٹریلیا کے خلاف ہندوستانی ٹیم جو کہ ٹسٹ مقابلے کھیل رہی ہے ، اس ضمن میں کہا کہ آسٹریلیائی ٹیم ایک طاقتور ٹیم ہے ، اور وہ اپنے گھریلو میدانوں میں مہمان ٹیم کیلئے حالات مشکل کرتی ہے۔ میزبان ٹیم کی جانب سے حالات مشکل کئے جانے کے بعد ہندوستانی کرکٹ شائقین اور میڈیا بھی کھلاڑیوں کیلئے مزید حالات مشکل کرتے ہیں لیکن مشکل حالات میں ہی کھلاڑیوں کو عوام اور میڈیا کی حمایت کی ضرورت ہوتی ہے۔ 6 ورلڈ کپ ٹورنمنٹس میں شرکت کرچکے سچن نے مزید کہا کہ مستقبل میں کوچنگ کا ان کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، تاہم انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ آسٹریلیا میں ہندوستانی ٹیم کو ونڈے کرکٹ کے اپنے خطاب کے دفاع کا ایک بہتر موقع ہے اور امید ہے کہ ہندوستانی ٹیم پھر چمپین بنے گی۔