لندن ۔31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)لارڈز کرکٹ گراؤنڈ کی جانب سے شروع کئے گئے سلسلے کے تحت انٹرنیشنل کرکٹرز کی جانب سے ان دنوں اپنی اپنی بہترین ٹسٹ ٹیم کا اعلان کر رہے ہیں اور اسی سلسلے میں سابق انگلش اسپنر گرام سوان نے اپنی ٹیم کا اعلان کیا ہے لیکن سابق انگلش اسپنر کی جانب سے اعلان کردہ ٹیم میں موجودہ دور کا صرف ایک کھلاڑی انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن ہی شامل ہے جوکہ 12 ویں کھلاڑی ہیں۔اس ٹیم میں سب سے زیادہ چار آسٹریلین، تین ویسٹ انڈیز اور تین انگلش کھلاڑی شامل ہیں جبکہ کوئی بھی جنوبی افریقی کھلاڑی اس فہرست کا حصہ نہیں۔ سوان نے سابق عظیم انگلش بیٹسمین سر جیک ہوبس اور گورڈن گرینج کا بحیثیت اوپنر انتخاب کیا ہے اور ون ڈاؤن پر کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین بیٹسمین سر ڈان بریڈ مین موجود ہیں۔چوتھے نمبر پر برائن لارا، پانچویں پر کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے عظیم ہندوستانی سابق ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر ہیں جبکہ چھٹے پر بہترین آل راؤنڈر سر گارفیلڈ سوبرز موجود ہیں۔ سوان نے وکٹ کیپر کیلئے ایڈم گلکرسٹ کا انتخاب کیا جبکہ اسپنر کے طور پر حیران کن طور پر شین وارن اور سری لنکائی اسپنر متیاہ مرلی دھرن کی بجائے خود اپنا انتخاب کیا ہے۔سوان نے فاسٹ بولر کے طور پر پہلا انتخاب گلین میک گرا کیا ہے اور دوسرا نام عظیم پاکستانی فاسٹ بولر وسیم اکرم کا ہے۔ اسکواڈ میں شامل 12ویں کھلاڑی جیمز اینڈرسن ہیں۔