سوڈان کے جڑواں بچے آپریشن کے بعد علحدہ

ریاض ۔ 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایت اور ذاتی دلچسپی پر جود اور جنی نامی سوڈانی جڑواں بچیوں کو ایک دوسرے سے علحدہ کرنے کا طویل آپریشن کامیابی سے مکمل ہو گیا۔ کنگ سلمان سینٹر برائے امداد وانسانی خدمات کے نگران اعلیٰ اور مشیر ایوان شاہی ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ کی زیر قیادت آپریشن ٹیم نے 9گھنٹے پر محیط آپریشن کے دوران مطلوبہ کام انجام دیا۔ آپریشن 6 مراحل میں مکمل کیا گیا۔ڈاکٹر الربیعہ نے آپریشن کے اختتام پر اپنی ٹیم اور خود اپنی جانب سے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کیلئے تکریم و تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ’’کامیابی وطن عزیز کی کامیابی ہے‘‘۔سعودی عرب میں اب تک جڑواں بچے اور بچیوں کو جدا کرنے والا یہ 44 واں آپریشن تھا۔ سوڈان سے تعلق رکھنے والے جڑواں بچوں کا سینہ اور پیٹ جڑا ہوا تھا۔ ان دونوں کے دل اور کلیجہ بھی مشترک تھا۔ دونوں کو تنفس میں دشواری پیش آ رہی تھی۔ پھیپھڑے جزوی طور پر خراب تھے۔ آپریشن کے سارے مراحل بحسن و خوبی انجام پا گئے۔