سوچھ بھارت ابھیان ‘ یو پی اے حکومت کے پروگرام کا ہی چربہ : منموہن سنگھ

کمبالنگی ( کیرالا ) 28 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) نریندر مودی حکومت کی صفائی مہم ’ سوچھ بھارت ابھیان ‘ پر طنز کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے آج کہا کہ یہ پروگرام ان کی زیر قیادت سابقہ یو پی اے حکومت کے پروگرام کا ہی حصہ ہے جسے نئے انداز میں پیش کیا گیا ہے ۔ ڈاکٹر سنگھ نے کیرالا کے اس گاؤں میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام تقریبا وہی ہے جو سابقہ یو پی اے حکومت کے دور میں شروع کردہ نرمل بھارت ابھیان تھا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں اس پروگرام کو نئے نام کے ساتھ سوچھ بھارت ابھیان کے طور پر پیش کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ آپ چاہے جس نام سے پکاریں گلاب ‘ گلاب ہی رہے گا ۔ کانگریس کی جانب سے مسلسل مودی حکومت پر تنقیدیں کی جا رہی ہیں کہ جو پروگرامس اور اسکیمات سابقہ یو پی اے حکومت نے شروع کی تھیں انہیں کو نئی حکومت کی جانب سے مختلف ناموں کے ذریعہ پیش کیا جا رہا ہے ۔ مودی نے گاندھی جئینتی کے موقع پر اس پروگرام کا سوچھ بھارت ابھیان کے نام سے آغاز کیا تھا ۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ نے یاد دہانی کروائی کہ ان کی زیر قیادت یو پی اے حکومت نے اپنی دو معیادوں میں مختلف شعبہ جات میں نئی اور اختراعی اسکیمات کا آعاز کیا تھا ۔ حکومت نے قانون حق تعلیم کو منظوری دی ‘ سروا سکھشا ابھیان کو مستحکم کیا تھا اور راشٹریہ مادھیامک سکھشا ابھیان شروع کیا تھا ۔ یہ پروگرام سرکاری اور غیر سرکاری امدادی اداروں میں شروع ہوا تھا جس سے کیرالا جیسی ریاست کو بہت فائدہ ہوا تھا ۔ ڈاکٹر سنگھ نے یہاں مختلف پروگراموں کا افتتاح انجام دیا ۔