سرینگر 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر کے سابق چیف منسٹر عمر عبداللہ نے ’’سوٹ بوٹ‘‘ سے متعلق راہول گاندھی کے ریمارک پر وزیر اعظم نریندر مودی کے راست جواب پر آج کانگریس کو مبارکباد دی اور کہا کہ اس (جواب) سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس ریمارک کو بی جے پی کو اس سے کہیں زیادہ تکلیف پہونچی جس کا وہ اظہار کررہی ہے۔ عمر عبداللہ نے ٹوئیٹر پر پوسٹ کردہ اپنے پیام میں کہا کہ ’’مبارک ہو‘ سوٹ بوٹ سے متعلق راہول کی تنقیدوں پر وزیر اعظم نے راست طور پر رد عمل کا اظہار کیا ہے ۔ بی جے پی نے یہ دکھا دیا ہے کہ اس (ریمارک ) سے اس کو اپنی ظاہر کردہ تکلیف سے کہیں زیادہ تکلیف پہونچی ہے‘‘۔