نئی دہلی / ڈاؤس 23 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) سونے کی درآمدات پر ڈیوٹی میں کمی کے مطالبہ اور ان مطالبات پر کوئی کارروائی کرنے صدر کانگریس سونیا گاندھی کے اصرار کے بعد حکومت نے آج کہا کہ ڈیوٹی شرح میں کمی کا فی الحال کوئی منصوبہ نہیں ہے اور یہ تحدیدات بہتر طور پر کام کر رہی ہیں۔ سونیا گاندھی نے اپنے خیالات کا اظہار کئے بغیر وزارت کامرس سے کہا تھا کہ اسے جواہرات اور زیورات ایکسپورٹ کرنے والوں کے اس مطالبہ کا جائزہ لینا چاہئے کہ سونے کی درآمدات پر کسٹمز ڈیوٹی میں کمی کی جائے ۔
سونیا گاندھی کے دفتر سے وزیر کامرس مسٹر آنند شرما کی نگرانی والی وزارت تجارت و صنعت کو روانہ کردہ ایک مکتوب میں کہا گیا تھا کہ آپ سے خواہش کی جاتی ہے کہ وہ اس طرح کے مطالبات پر مناسب کارروائی کیلئے غور کریں۔ وزیر فینانس مسٹر پی چدمبرم نے جو فی الحال ڈاؤس میں ہیں کہا کہ سونے کی درآمدات پر جو تحدیدات عائد ہیں انہیں اسی وقت واپس لیا جاسکتا ہے جب حکومت کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ پر مکمل قابو پالے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک اس خسارہ پر قابو نہیں پایا جاتا وہ کسی طرح کی تحدیدات کو کم کرنے یا ختم کرنے کے تعلق سے سوچ نہیں سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو پارلیمنٹ میں عبوری بجٹ کی پیشکشی کے بعد ہی کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کی اصل صورتحال کے تعلق سے واقفیت حاصل ہوسکتی ہے ۔ اس کے بعد ہی اس تعلق سے کوئی فیصلہ کیا جاسکتا ہے ۔
جمہوریت دشمن لوگ ہمارے مخالف : راہول گاندھی
امیٹھی 23 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی لیڈر کمار وشواس کی تنقیدوں کا سامنا کر رہے راہول گاندھی نے آج کہا کہ ان کے مخالف صرف وہی لوگ ہیں جو جمہوریت دشمن ہیں۔ کانگریس نائب صدر نے میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ جو لوگ جمہوریت مخالف ہیں اور ایک سسٹم میں یقین نہیں رکھتے وہ ہمارے خلاف کھڑے ہیں۔ ہمارا کام امیٹھی کی ترقی ہے ۔ یہاں سے ہمارے قدیم رشتے ہیں۔ لوگ آتے اور جاتے رہیں گے لیکن ہم یہیں رہنے والے ہیں۔