سونیا گاندھی ‘ لوک سبھا میں دوسری قطار میں بیٹھ گئیں

نئی دہلی ۔ یکم اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے آج کچھ دیر کیلئے دوسری قطار کی نشست سنبھال لی تھی کیونکہ جب وہ ایوان میں داخل ہوئیں اس وقت آر جے ڈی کے رکن پپو یادو اور کانگریس کے جیوتر آدتیہ سندھیا پہلی قطار میں بیٹھے ہوئے تھے ۔ حالانکہ سندھیا اور پپو یادو دونوں اپنی نشستوں سے اٹھ گئے اور سونیا گاندھی کو وہاں بیٹھنے کو کہا لیکن سونیا گاندھی نے دوسری قطار کو ترجیح دی۔ جب پپو یادو نے کوئی اخبار پلے کارڈ کی طرح سونیا گاندھی کو دکھانے کی کوشش کی تو انہوں نے نظر انداز کردیا ۔ بعد ازاں سونیا گاندھی ٹی ایم سی کے سوگتا رائے سے بات کرتی دیکھی گئیں۔

بی جے پی کا وقف اراضیات اسکام رپورٹ مخفی رکھنے کانگریس پر الزام
بنگلور ۔ یکم ؍ اگست (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج کرناٹک کی کانگریس حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ 2.30 لاکھ کروڑ روپئے کے ایک اسکام کی پردہ پوشی کرنے کی کوشش کررہی ہے جس میں وقف بورڈ اراضیات شامل ہیں اور کہا کہ اس مدعے کو اسمبلی میں پیش کیا جانا چاہئے۔ دریں اثناء کرناٹک کے سابق اقلیتی کمیشن صدرنشین انور نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے دوبارہ کہا کہ اس مدعے کو کرناٹک اسمبلی میں پیش کیا جانا چاہئے۔ مسٹر انور نے اپنی رپورٹ اس وقت کے وزیراعلیٰ سدانند گوڑہ کو پیش کی تھی جس میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ وقف اراضیات اسکام میں متعدد سیاستداں، وقف بورڈ ارکان وعہدیداران، ایجنٹس اور لینڈ مافیا ملوث ہے۔