نئی دہلی ۔ 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کانگریس وفد کی قیادت کریں گے جو 26 جنوری کو صدر امریکہ بارک اوباما سے ملاقات کرے گا۔ اوباما اپنے 3 روزہ دورہ پر ہندوستان پہنچ رہے ہیں۔ یوم جمہوریہ تقریب میں وہ مہمان خصوصی ہیں۔ کانگریس کے سینئر لیڈر آنند شرما نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ کانگریس کا وفد اوباما سے ملاقات کررہا ہے۔ تاہم انہوں نے اس وفد میں شامل دیگر ارکارن کے نام ظاہر نہیں کئے۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے 2010ء میں بھی بارک اوباما سے ملاقات کی تھی جب وہ اپنے پہلے دورہ پر ہندوستان آئے تھے۔ اوباما 25 جنوری کو نئی دہلی پہنچ رہے ہیں۔