سونیا گاندھی کی تعلیمی قابلیت کیا ہے ؟ : اوبابھارتی

نئی دہلی 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی کی تعلیمی قابلیت دریافت کرنے پر جوابی وار کرتے ہوئے مرکزی وزیر اوما بھارتی نے آج صدر کانگریس سونیا گاندھی کی تعلیمی قابلیت دریافت کی۔ وہ اپنی وزارت کا جائزہ لینے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔ بی جے پی قائد مختار عباس نقوی نے کہاکہ کانگریس کو سمرتی ایرانی پر تنقید کرنے سے پہلے خود احتسابی کرنی چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ اُنھیں عوام کے عطا کئے ہوئے اختیار کا احترام کرنا چاہئے اور غیرضروری بیانات جاری کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔ اِس طرح وہ عام انتخابات میں اپنی ناکامی کی پردہ پوشی نہیں کرسکتے۔ جے ڈی یو کے صدر شرد یادو نے کانگریس پر سمرتی ایرانی کی تعلیمی قابلیت دریافت کرنے پر تنقید کی۔ خواتین کے حقوق کی علمبردار کارکن مدھو کشور نے اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیاکہ سمرتی ایرانی کو وزیر فروغ انسانی وسائل بنایا گیا ہے۔ مودی کو ایسا کرنے سے پہلے یہ بھی دیکھ لینا چاہئے تھا کہ اُن کی تعلیمی قابلیت کیا ہے۔ کیوں کہ یہ ایک اہم وزارت ہے جسے سنبھالنے کے لئے اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونا ضروری ہے۔ کانگریس قائد اجئے ماکن نے کل سمرتی ایرانی کی تعلیمی قابلیت کا مذاق اُڑایا تھا۔