سونی پت / نئی دہلی 5 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے صدر سونیا گاندھی نے ’’ خالی گھڑوں ‘‘ سے متعلق صدر کانگریس سونیا گاندھی کے ریمارک پر سخت تنقید کی ہے اور کہا کہ ان کی آنکھوں پر پردہ پڑ گیا ہے اور اب وہ ہریانہ میں کانگریس حکومت کی جانب سے ستائے جارہے غریبوں کی تکالیف نہ دیکھ سکتی ہیں اور نہ سن سکتی ہیں۔ سونیا گاندھی نے کل اپنی تقریر میں وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ خالی گھڑے زیادہ آواز کرتے ہیں ‘‘ ۔ امیت شاہ نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ سونیا گاندھی کیا سوچتی ہیں لیکن اس بات سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ ہریانہ میں حکومت کی جانب سے خواتین پر مظالم کئے جا رہے ہیں اور وہ رو رہی ہیں۔ کیا یہ درست نہیں ہے کہ کسانو کی اراضیات کھینچ لی گئی ہیں اور وہ رو رہے ہیں۔ نوجوان اس لئے رو رہے ہیں کیونکہ انہیں روزگار کے مواقع نہیں ہیں۔ کیا یہ درست نہیں ہے ؟ ۔ انہو ںنے کہا کہ سونیا گاندھی کی آنکھوں پر پردہ پڑ گیا ہے ۔ امیت شاہ سونی پت میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام بلند آواز میں حکومت کے خلاف اپنی رائے کا اظہار کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی غریبوں کے دکھ درد کو نہیں سمجھ سکتیں کیونکہ وہ گاؤوں کا دورہ نہیں کرتیں۔ سونیا گاندھی غریب والدین کو پیدا نہیں ہوئی تھیں اور وہ دلتوں سے نہیں ملتیں۔ انہو ںنے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم غریب کے بیٹے ہیں۔ وہ اس مقام پر جس پر آج فائز ہیں چائے بیچتے ہوئے پہونچے ہیں۔ اور وہ گاووں کے غریبوں کے دکھ درد کو بہتر انداز میں سمجھتے ہیں۔ سونیا گاندھی نے کل ہریانہ میں ایک جلسہ میں کہا تھا کہ وزیر اعظم صرف شعبدہ بازی میں مصروف ہیں اور ایسا ظاہر کر رہے ہیں کہ ہر کام ان کی حکومت کے اقتدار پر آنے کے بعد ہی ہوا ہے ۔ امیت شاہ نے کہا کہ 60 سالہ غلط حکمرانی کے اثرات کو ختم کرنے کیلئے کچھ وقت درکار ہوگا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی نے ملک کو ایسا وزیر اعظم دیا ہے جو بولنا جانتا ہے ۔