سونیا گاندھی کیخلاف شکایت ملنے پر کارروائی : الیکشن کمیشن

جموں۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چیف الیکشن کمشنر وی ایس سمپت نے کہا کہ سونیا گاندھی کی شاہی امام دہلی سے ملاقات کے خلاف شکایت موصول ہونے پر کمیشن کارروائی کرے گا۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے معاملات میں عام طور پر شکایت ملنے کے بعد کارروائی کی جاتی ہے۔ جب بھی ہمیں شکایت موصول ہوتو یقینا اس کا جائزہ لیتے ہوئے ضروری کارروائی کی جائے گی۔ بی جے پی نے سونیا گاندھی کی اس ملاقات پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے ازخود کارروائی کرنے کی اپیل کی تھی۔ سونیا گاندھی نے اس ملاقات میں کہا تھا کہ سیکولر ووٹوں کو تقسیم ہونے سے بچایا جانا چاہئے۔

کانگریس ’’اچھوت ‘‘ پارٹی بن گئی : وینکیا نائیڈو
بنگلور ۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج کہا کہ کانگریس آہستہ آہستہ اچھوت ہوتی جارہی ہے اورایک وقت ایسا بھی آئے گا جب لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کو صرف چند ہی نشستوں پر کامیابی ملے گی اور اس طرح ملک میں ایک نئی تاریخ رقم ہوگی۔ بی جے پی نے یہ اشارہ بھی دیا کہ کچھ دنوں کے اندر این ڈی اے میں مزید کچھ پارٹیاں شامل ہوں گی۔ سینئر بی جے پی قائد وینکیا نائیڈو نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسا بھی وقت تھا جب بی جے پی کو لوگ اچھوت پارٹی کہا کرتے تھے لیکن اب صورتحال بدل گئی ہے۔ کانگریس اچھوت ہوگئی ہے اور نریندر مودی عوام کی آنکھوں کے تارے بن چکے ہیں اور یہی وجہ ہیکہ پارٹیاں اور قائدین این ڈی اے میں شامل ہورہے ہیں۔