حیدرآباد۔/26نومبر، ( سیاست نیوز) کم دام میں سونا فراہم کرنے کے بہانے لاکھوں روپئے کی دھوکہ دہی میں ملوث تین رکنی دھوکہ بازوں کی ٹولی کو کنچن باغ پولیس نے گرفتار کرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس سنتوش نگر ڈیویژن مسٹر سرینواس نے بتایا کہ اس ٹولی کا سرغنہ این درگا راؤ ہے اور یہ اپنے ساتھیوں لکا بجھی، پی کرشنا، این سرینواس کی مدد سے لوگوں کو کم دام میں سونا فراہم کرنے کے بہانے ٹھگ لیا کرتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ درگا راؤ نے چیتنیہ پوری کے ساکن آر سیدی ریڈی سے رابطہ قائم کیا اور بعد ازاں اس نے 7ہزار فی تولہ سونا فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے ان سے 4لاکھ 20ہزار روپئے نقد رقم حاصل کرلیا اور سونا فراہم کرنے سے قاصر رہا۔ مسٹر سرینواس نے بتایا کہ نقلی زیورات فراہم کرکے درگا راؤ عوام کو دھوکہ دیا کرتا تھا۔ گرفتار ملزمین کے قبضہ سے 3لاکھ نقد رقم برآمد کرلی گئی۔