حیدرآباد۔ 5 فروری (سیاست نیوز) سکندرآباد کے جمخانہ گراؤنڈ پر مہمان بنگلہ دیشی ٹیم اور میزبان انڈیا اے ٹیم کے درمیان دو روزہ ٹور میچ کے پہلے دن بنگلہ دیشی بیٹسمین کوئی بڑا اسکور نہیں کرپائے جبکہ مشفق الرحیم نے 9 فروری کو حیدرآباد میں شروع ہونے والے واحد ٹسٹ میچ کیلئے حکمت عملی کے تحت اپنی ٹیم کے آل آؤٹ ہونے سے قبل 224/8 پر اپنی اننگز ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیش کے کئی بیٹسمین بہتر شروعات کو بڑے اسکور میں تبدیل نہیں کرپائے اور سومیا سرکار (52) اور کپتان مشفق الرحیم (58) ہی نصف سنچریاں اسکور کرپائے جبکہ محموداللہ (23)، شبیر رحمن (33) اور لیٹن داس (23) بہتر شروعات کو بڑی اننگز میں تبدیل نہیں کرپائے۔ انڈیا اے کے لئے انکت چودھری نے 12 اوورس میں 26 رنز کے عوض 4 وکٹس حاصل کئے۔ علاوہ ازیں شہباز ندیم جنہیں کپتان ابھینو مکل نے 5 بولروں کے بعد استعمال کیا جنہوں نے 16 اوورس میں 5 میڈاِنس کے علاوہ 38 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ دیگر بولروں میں فاسٹ بولر چاما ملند، وجئے شنکر اور کلدیپ یادو نے فی کس ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ میزبان بیٹسمنوں نے 21 اوورس کے کھیل میں کپتان مکنڈ کی وکٹ کے نقصان کے بعد 91 رنز اسکور کئے لیکن رن ریٹ 4.33 رہا۔ مکنڈ 31 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 16 رنز بنائے جنہیں سوباشیش رائے نے عمرالقیس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔ اوپنر پنچل 40 اور سریاش ایّر 29 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔بنگلہ دیشی ٹیم جمعرات کو راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم اوپل میں ہندوستان کے خلاف واحد ٹسٹ سے قبل یہاں دو روزہ ٹور میچ کھیل رہی ہے۔