سوری قتل کیس ‘ بھانو کرن کو عمر قید کی سزا

حیدرآباد 18 ڈسمبر (سیاست نیوز) نامپلی کریمنل کورٹ کے پہلے ایڈیشنل میٹرو پولیٹن سیشن جج نے آج رائلسیما کے گروہی لیڈر گنگولا سوریہ نارائن ریڈی عرف مدلا چیرو سوری قتل کیس میں ملوث کلیدی ملزم مالی شیٹی بھانو کرن کو سزائے عمر قید سنائی۔ 3 جنوری 2011 میں سوری کو اُس کے قریبی حامی بھانو کرن نے علاقہ نوودیا کالونی یوسف گوڑہ میں .32 ریوالور سے چلتی کار میں گولی مار دی تھی جس کے نتیجہ میں سوری کی موت واقع ہوگئی تھی۔ اِس کیس میں سی آئی ڈی نے ایک اور ملزم منموہن سنگھ بہادریا اور دیگر کو گرفتار کیا تھا جبکہ بھانو کرن کو 21 اپریل 2012 ء میں ظہیرآباد سے گرفتار کیا تھا۔ سی آئی ڈی نے ملزمین کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات کے علاوہ آرمس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا اور 7 سال طویل عرصہ کے بعد آج فیصلہ سنایا۔ اِس کیس میں بھانو کرن کو فرسٹ ایڈیشنل میٹرو پولیٹن سیشن جج شریمتی سنیتا کنچالا نے عمر قید کی سزا سنائی اور 20 ہزار جرمانہ بھی عائد کیا جبکہ منموہن سنگھ کو 5 سال کی سزا سنائی۔ اس کیس میں عدالت نے چار دیگر ملزمین کو بھی بری کردیا اور اِس فیصلے کے بعد منموہن سنگھ اور دیگر چار کی جیل سے رہائی عمل میں آئی۔ واضح رہے کہ مدولاچیرو سوری رائلسیما کا سرگرم فیاکشن لیڈر تھا اور وہ تلگودیشم کے سابق ایم ایل اے پریٹالا روی کے سنسنی خیز قتل کیس کا ملزم تھا۔