سوریا پیٹ۔/12مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر نلگنڈہ چرنجیولو نے آج دفتر بلدیہ سوریا پیٹ کا دورہ کرتے ہوئے انتخابی انتظامات کا جائزہ لیا۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے لئے قائم کردہ کاؤنٹرس کا معائنہ کیا اور امیدواروں کو الاٹ کئے جانے والے نشانات کا بھی مشاہدہ کیا۔ بعد ازاں کلکٹر چرنجیولو نے عہدیداروں کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رائے دہی کے لئے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ووٹرس کی نشاندہی کرتے ہوئے بوگس ووٹس کے رد کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے تمام بلدی حلقوں میں انتخابی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اس موقع پر آر ڈی او ناگنا،
تحصیلدار جگناتھم اور دیگر عہدیداران موجود تھے۔ دریں اثناء آج 8تا10 امیدواروں نے مختلف حلقوں سے پرچہ نامزدگی داخل کیا جن میں تلگودیشم سے بی سیدلو نے بلدی حلقہ نمبر 2سے شامل ہیں۔ کانگریس، تلگودیشم کے دفاتر پر امیدواروں کی قطار لگی ہوئی ہے۔ کئی قائدین ٹکٹ کے حصول اور کونسلر بننے کیلئے کوشاں ہیں۔ انتخابی موسم میں آج تلگودیشم کو اس وقت زبردست دھکہ لگا جبکہ اس کے ایک سینئر قائد جی راملو نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ واضح ہو کہ جی راملو ایک ممتاز صنعت کار ہیں۔ سابق رکن بلدیہ کے علاوہ اسٹیٹ تلگودیشم بی سی سیل و دیگر عہدوں پر رہتے ہوئے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کے ہمراہ کئی سرکردہ قائدین اور دو ہزار سے زاید حامیوں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔