عوام کو ہراساں کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ، کمشنر پولیس
حیدرآباد ۔ /16 اکٹوبر ۔ (سیاست نیوز) کمشنر سٹی پولیس مسٹر مہیندر ریڈی نے سود خوروں کو سخت نتائج کا انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے فینانسرس جو اپنی حرکتوں سے باز نہیں آتے اور اپنی سرگرمیوں کو بند نہیں کرتے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور کمشنر پولیس نے کہہ دیا کہ ایسے فینانسرس کے خلاف پی ڈی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی ۔ کمشنر پولیس پرانی حویلی کے دفتر کمشنر میں میڈیا کو مخاطب تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کم رقم دے کر دگنی رقم وصول کرنا زائد شرح سود پر رقم قرض کیلئے دینا اور وصولی کے دوران عوام سے زبردستی کرنا یا پھر انہیں ہراساں و پریشان کرنا اور ظلم و زیادتی کرنا ایسی شکایتوں پر فوری کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ متعدد شکایتوں کے بعد پرانے شہر میں سود خوروں کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے اور بہت سارے سود خوروں کے خلاف کارروائی کی گئی ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ منی لینڈینگ اور رقمی لین دین معاملات میں ظلم و زیادتی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ شہر حیدرآباد میں عوام کی سہولت اور عوام کو آسانی فراہم کرنے کیلئے اور انہیں پرسکون ماحول مہیا کرنے کے لئے سنجیدگی سے اقدامات جاری ہیں ۔ کمشنر پولیس مسٹر مہیندر ریڈی نے بتایا کہ سی آر پی سی اور آئی پی سی کے علاوہ ایسے واقعات میں پی ڈی ایکٹ سے کام لیا جائے گا ۔ تاکہ سود خوروں سے عوام کو چھٹکارا دلایا جاسکے ۔ کمشنر پولیس نے سود خوروں اور زائد رقم وصول کرنے والوں کو خبردار کیا کہ وہ اپنی حرکتوں سے باز آجائیں ۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر لا اینڈ آرڈر مسٹر انجنی کمار جوائنٹ کمشنر اسپیشل برانچ مسٹر ملا ریڈی ، ڈی ایس پی ساؤتھ زون مسٹر ایس ترپاٹھی و دیگر موجود تھے ۔