14 دن کے لئے ریمانڈ میں دے دیا گیا، ملزمین کا اقبالی بیان
کریم نگر /22 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) غیر مجاز سودی کاروبار کے اصل سرغنہ اے ایس آئی موہن ریڈی کے اہم کاروباری ساتھی پرمیش رام پرمیندر سنگھ، سنگی ریڈی، جتیندر ریڈی، کروناکر ریڈی جو کہ مفرور تھے کو سی آئی ڈی عہدہ داروں نے گرفتار کرتے ہوئے عدالت میں پیش کردیا۔ انھیں مجسٹریٹ اظہر حسین نے 14 دنوں کے لئے جوڈیشیل ریمانڈ میں دے دیا۔ پرمیندر سنگھ پر سودی کاروبار کے قرض داروں کو ڈرانے دھمکانے، ان کی جائدادوں پر قبضہ کرلینے میں موہن ریڈی کا تعاون کرنے کے الزامات ہیں۔ تعلیمی ادارہ کے پرساد راؤ کی خودکشی کے بعد پرساد راؤ کی اہلیہ اور ارکان خاندان کی شکایت پر اے ایس آئی موہن ریڈی، بی وی آر کشیپ، بی آر او سنگی ریڈی، کروناکر ریڈی، جتیندر ریڈی، کاکرلا پرمشی راملو، کے گنیشور، سردار پرمیندر سنگھ اور ہریش کے خلاف مقدمہ درج ہوا ہے۔ حراست میں لئے گئے تمام ملزمین نے اقبالی بیان میں ارتکاب جرم کا اقرار کیا۔