سوان کی عدم موجودگی انگلینڈ کے مسائل میں اضافہ : پیٹرسن

ناٹنگھم۔ 8 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کیون پیٹرسن سمجھتے ہیں کہ ہندوستان کے خلاف کل یہاں شروع ہونے والی پانچ ٹسٹ مقابلوں میں مشتمل سیریز میں میزبان ٹیم کے سب سے کامیاب اسپنر گرائم سوان کی عدم موجودگی سے انگلینڈ کے مسائل میں اضافہ ہوچکا ہے ۔ یاد رہے سوان نے آسٹریلیا کے خلاف ایشیز میں انگلینڈ کی 5-0 کی شرمناک شکست کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی اختیار کی تھی جو کہ الیسٹر کک کے لئے ایک اہم اسپنر قرار دیئے جاتے تھے ۔ ان کے ساتھ مونٹی پنسیر نے بھی ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا تھا لیکن سلیکٹروں نے انھیں ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ نہیں کیا۔ سوان نے 60ٹسٹ مقابلوں میں 255 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے انگلینڈ کی حالیہ برسوں میں کئی یادگار کامیابیوں میں معمار ثابت ہوئے تھے ۔

انگلینڈ کو حالیہ دنوں میں سری لنکا کے خلاف دو ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں 0-1 کی شکست برداشت کرنی پڑی اور اس سیریز میں ٹیم کے نئے کھلاڑی معین علی نے آف اسپنر کا کردار نبھایا ہے ۔ کک کی حکمت عملی پر جہاں سوال اُٹھائے جارہے ہیں وہیں ٹیم کے سابق کپتان جنھیں بورڈ نے باہر کا راستہ دکھادیا ہے ، انھوں نے واضح کیا ہے کہ سوان کے بغیر انگلینڈ کے لئے حالات مشکل ترین ہوچکے ہیں ۔ پیٹرسن نے اپنے کالم میں لکھا ہے کہ سوان اور اینڈریو اسٹراس کی کپتانی ایک شاندار جوڑی تھی جس کے سائے میں کک بھی ایک بہترین بیٹسمین بن کر اُبھرے تھے لیکن اب حالات بالکل تبدیل ہوچکے ہیں کیونکہ ہندوستانیوں کی جانب سے سوان کے خلاف بہتر کھیل کیلئے محتاط رویہ اختیار کیا جاتا تھا جوکہ انگلش ٹیم کیلئے سود مند تھا لیکن اب ٹیم میں ایسا اسپنر موجود نہیں ۔