کریم نگر ۔ 6فبروری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سوائین فلو کوئی ناقابل علاج مرض نہیں ہے اور نہ ہی پوری طرح صحت مند افراد کو لاحق ہوتا ہے ‘ اسلئے اس مرض سے گھبرانے اور پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ریاستی ورکنگ جرنلسٹ یونین مقامی شاخ کے زیراہتمام کریم نگر پریس بھون میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کے دوران ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر ڈاکٹر محمد عبدالعلیم نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ احتیاطی اقدامات اور حفظان ماتقدم کے طور پر سوائن فلو کی ادویات کی مفت تقسیم عمل میں لائی گئی تاکہ یہ مرض لاحق نہ ہو۔ ان گولیوں کو یومیہ صبح اور شام پانچ دن استعمال کرنی ہوگی ۔ انہوں نے بتایا کہ گولیوں کے استعمال سے پندرہ منٹ قبل اور استعمال کے بعد پندرہ منٹ تک کچھ بھی غذا نہ لیں بلکہ پانی بھی نہ پئیں تو بہتر رہتا ہے ۔ انہوں نے عوام کو تیقن دیا کہ سوائن فلو کے انسداد کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے ہر ممکنہ اقدامات روبہ عمل لائے جارہے ہیں ۔ گھر گھر یہ وباء اب کمی پر آچکی ہے تاہم سوائن فلو سے متاثرہ مریضوں کے علاج کیلئے تمام تر طبی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ سرکاری دواخانوں میں علحدہ وارڈس قائم کئے گئے ہیں ۔ اس کی ادویات جو کہ مہنگی ہے لیکن یہ مفت میں دی جارہی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دواخانہ میں شریک دس ہزار افراد کی تشخیص کرنے پر دو افراد سوائن فلو مرض سے متاثر پائے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ سوائن فلو سے زیادہ تر چھوٹے بچے ‘ حاملہ خواتین ‘ ضعیف حضرات یا دیگر امراض میں مبتلا حضرات متاثر ہورہے ہیں اور یہ مرض ایک سے دوسرے کو بھی منتقل ہوتا ہے ‘ اسلئے احتیاط بہت ضروری ہے ۔ سوائن فلو شعور بیداری پروگرام میں ضلع صدر کرولی کر‘ سکریٹری جی سرینواس ‘ چندر شیکھر شرت راؤ ‘ کے متیم ‘ سید محی الدین ‘ سید امام ‘ صحافیوں کی کثیر تعداد شریک تھی ۔