سوائن فلو سے محفوظ رہنے موثر اقدامات

محبوب نگر۔/31ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کے عوام کو سوائن فلو سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ضلع کلکٹر جی ڈی پریہ درشنی نے اپنے کیمپ آفس میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ وینکٹیشورلو نامی شخص جو تروپتی گیا تھا واپسی پر سوائن فلو سے متاثر ہوگیا جس کو فوری سرکاری دواخانہ محبوب نگر میں شریک کیا گیا اور خصوصی علاج جاری ہے۔ اس کے ارکان خاندان کے طبی معائنے کیلئے نمونے حیدرآباد بھجوائے گئے تھے جس کی رپورٹ کل شام موصول ہوئی۔ جس کے مطابق وینکٹیشورلو کے 4افراد خاندان ماں، بیٹی، بہن اور بہنوئی بھی سوائن فلو سے متاثر پائے گئے ہیں تاہم انہیں ابتدائی مرحلہ کا مرض ہے اور اس کا معقول علاج موجود ہے۔ ضلع کلکٹر نے سوائن فلو سے عوام کو محفوظ رکھنے کیلئے ڈی ایم اینڈ ایچ او کو ضروری اقدامات کی ہدایت دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس مرض کے علاج کیلئے گورنمنٹ ہاسپٹل محبوب نگر میں ایک خصوصی وارڈ قائم کیا گیا ہے۔

ویاکسنس و دیگر دواؤں کا ذخیرہ بھی کیا گیا ہے۔ اس سال 6افراد سوائن فلو سے متاثر ہوئے ہیں تاہم وہ بڑے نقصان سے محفوظ رہے ہیں۔ انہوں نے ضلع کے عوام سے کہا کہ وہ تشویش میں نہ رہیں۔ ساتھ ہی ساتھ غفلت بھی نہ برتیں۔ ماحول کی صفائی کا خیال رکھیں۔ انہوں نے میونسپل کمشنر کو پابند کیا کہ وہ سینٹیشن کے کاموں میں تیزی پیدا کریں۔ ضلع ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سیموئیل نے کہا کہ 5افراد اور سرکاری دواخانہ میں ابتدائی مرحلہ کے مرض سے متاثر ہوکر شریک ہیں۔ مسلسل پانچ دن دوائیں دینے کے بعد توقع ہے کہ وہ صحت یاب ہوجائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جسمانی طور پر کمزور افراد اس مرض کا جلد شکار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شوگر، ٹی بی، کینسر، ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد پر بھی اس مرض کے حملہ کا خطرہ رہتا ہے جس کیلئے حد درجہ امتیاز ضروری ہے۔پریس کانفرنس میں ڈی آر او رام کشن، ڈی ایم اینڈ ایچ او پاروتی، آر ایم او ڈسٹرکٹ ہاسپٹل رام بابو، سوائن فلو کے اسپیشلسٹ ڈاکٹر سرینواس ریڈی کے علاوہ عہدیدار اور ڈاکٹرس موجود تھے۔