سن گلاسز فیشن یا ضرورت

ہمارے ہاں اگرچہ سن گلاسز کا استعمال فیشن کے زمرے میں آتا ہے۔ لوگ سن گلاسز کو فیشن کے طور پر بہت شوق سے استعمال کرتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ آنکھوں کے ماہرین بھی دھوپ، گرد و غبار اور سورج کی خطرناک شعاعوں سے آنکھوں کو محفوظ رکھنے کیلئے سن گلاسز کا استعمال کرتے ہیں۔ آپ گھریلو خاتون ہوں یاملازمت پیشہ، گھر سے باہر نکلتے وقت سن گلاسز کا استعمال ضرور کریں۔ سن گلاسز خریدتے وقت اپنے چہرے کی ساخت کو مدنظر رکھیں۔ اگرچہ سن گلاسز ایک ضرورت ہے لیکن ان کے انتخاب میں تھوڑی سی احتیاط آپ کی شخصیت کو دلکش بناسکتی ہے۔ سن گلاسز خریدتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ اس کے فریم کا رنگ نہ بہت زیادہ ہلکا ہو، نہ بہت زیادہ گہرا کیونکہ تیز رنگوں کے گلاسز سے کم دکھائی دیتا ہے جبکہ ہلکے رنگوں کے گلاسز سے آنکھوں کا دھوپ سے مناسب انداز میں بچاؤ ممکن نہیں ہوتا۔ سن گلاسز نہ صرف آپ کی آنکھوں کی حفاظت پر مامور رہتے ہیں بلکہ آپ کی شخصیت کو پرکشش بنانے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔