حیدرآباد۔26ڈسمبر(سیاست نیوز) سن شائن ویمنس اینڈ چلڈرن سنٹر مادھاپور کا رکن پارلیمنٹ نظام آباد وصدر تلنگانہ جاگرتی شریمتی کویتا کلواکنتالا کے ہاتھوں افتتاح عمل میںآیا۔ افتتاحی تقریب میںمعروف اداکارہ سمانتہا کے علاوہ ڈاکٹر گوراو ریڈی‘ڈاکٹر انل کرشنا ڈائرکٹر سن شائن اور ماہر گائنوکالوجسٹ ڈاکٹر منجولہ بھی اس موقع پر موجود تھی۔ سنٹر کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شریمتی کویتا نے کہاکہ معاشی فائدے کے لئے کارپوریٹ دواخانے کھولنا غریب اور معاشی طور پر پسماندہ طبقات کی پریشانیو ں میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہی وجہہ ہے کہ تلنگانہ حکومت سرکاری دواخانوں کو عصری سہولتوں سے آراستہ کرتے ہوئے ریاست کے غریب طبقات کو علاج ومعالجہ کے لئے مفت اور بہتر سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔انہوں نے کہاکہ کارپوریٹ دواخانوں پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ معاشی طور پر پسماندہ طبقات کا خاص خیال رکھیں۔ انہو ں نے سن شائن سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹل انتظامیہ کو نئے سنٹر بالخصوص خواتین اور بچوں کا مرکز قائم کرنے پر مبارکباد پیش کی اور کہاکہ مستقبل میںمذکورہ ہاسپٹل حکومت تلنگانہ کی غریب عوام دوست پالیسیوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے ریاست کی غریب خواتین او ر بچوں کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کے ذریعہ تشخیص کریگا۔معروف تلگوادکارہ سمانتہا نے بھی سن شائن ویمنس اینڈ چلڈرن سنٹر کے قیام پر انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ معروف گائنو کالوجسٹ ڈاکٹر منجو لہ نے تلنگانہ کے دیہی علاقوں میں سن شائن سوپر اسپیشالٹی کی جانب سے مفت طبی مراکز قائم کرنے کا وعدہ کیا انہوں نے کہاکہ ہر سال پانچ غریب خواتین کی بڑی سرجریز بھی سن شائن ہاسپٹل کی جانب سے اسپانسر س کی جائیںگی ۔ بعد ازاں ہاسپٹل انتظامیہ کی جانب سے رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا شریمتی کویتا کلواکنتا اور معروف تلگواداکارہ سمانتہا کو تہنیت پیش کی گئی۔