دبئی۔25اپریل(سیاست ڈاٹ کام ) آئی پی ایل کے ساتویں ایڈیشن کے مایوس کن آغاز کے بعد ٹیموں کی درجہ بندی میں آخری مقام پر پہنچ چکی سن رائیزر حیدرآباد کی ٹیم کل یہاں دہلی ڈیرڈیولس کے خلاف ٹورنمنٹ کی اپنی پہلی کامیابی کی خواہاں ہے ۔سن رائیزر حیدرآباد نے اپنے افتتاحی سیزن میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے پلے آف تک رسائی حاصل کی تھی لیکن اس مرتبہ اسے افتتاحی مقابلے میں راجستھان رائلز کے خلاف چار وکٹوں کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ دوسری جانب دہلی ڈیر ڈیولس کو رائل چیالنجرس بنگلور کے خلاف 8وکٹوں کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی لیکن کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے خلاف اس نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے اس نے ایک بہتر شروعات کی تھی لیکن اگلے ہی مقابلے میں اسے چینائی سوپر کنگس کے خلاف ایک بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ دہلی ڈیر ڈیولس کی مہم کو اس کے کلیدی کھلاڑی کیون پیٹرسن کی عدم موجودگی کا کافی نقصان ہوا ہے کیونکہ ابتدائی تینوں مقابلوں میں پیٹرسن دہلی کی قیادت کرنے میں ناکام رہے ہیں ۔
پیٹرسن گذشتہ ماہ اوول میں سروے کیلئے کھیلتے ہوئے فیلڈنگ کے دوران زخمی ہوئے ہیں اور وہ ہنوز مکمل صحت یاب نہیں ہوئے ہیں ۔ امید کی جارہی ہے کہ حیدرآباد کے خلاف مقابلہ میں پیٹرسن قطعی 11کھلاڑیوں میں شامل رہیں گے ۔ شکھر دھون کی زیرقیادت حیدرآبادی ٹیم بھی ٹورنمنٹ میں اپنی پہلی کامیابی کے تعاقب میں ہے کیونکہ اسے راجستھان رائلز اور کنگس الیون پنجاب کے خلاف ناکامیاں برداشت کرنی پڑی ہے ۔ کپتان شکھر دھون نے خود اپنی ٹیم کے بیٹنگ شعبہ کی ناکامی کا اعتراف کیا ہے جبکہ پنجاب کے خلاف مقابلہ کے بعد اس کی ناقص فیلڈنگ بھی منظر عام پر آچکی ہے ۔ کل یہاں دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے مقابلے سے قبل سن رائیزرس حیدرآباد کی ٹیم کو اپنے مسائل پر قابو پانا ہوگا ۔ کاغذات پر حیدرآباد کی ٹیم کافی مستحکم اور متوازن دکھائی دیتی ہے جیسا کہ اس کے بیٹنگ شعبہ میں کپتان شکھر دھون کے علاوہ ڈیوڈ وارنر اور ارون فنچ جیسے خطرناک اور جاحانہ بیٹسمین موجود ہیں لیکن یہ بیٹسمین ہنوز بہتر مظاہرہ کرنے میں ناکام ہے ۔ کپتان دھون نے خود دونوں مقابلوں میں تاحال 38رنز بنائے ہیں ۔ مڈل آرڈر میں لوکیش راہول اور وینوگوپال اسکور بورڈ کو تیزی سے آگے بڑھانے میں کامیاب نہیں ہوپارہے ہیں ۔
حیدرآباد کے بولرس بھی ناکام ہیں جیسا کہ راجستھان کے بعد پنجاب کے خلاف مقابلہ میں میکس ویل نے ان کی کافی پٹھائی کی ہے ۔ فاسٹ بولروں کی جوڑی بھونیشور کمار اور ڈیل اسٹین تاحال بہتر اور استقلال کا مظاہرہ کرنے کے علاوہ دو مقابلوں میں چار وکٹیں حاصل کرچکے ہیں ۔ امیت مشرا نے دو مقابلوں میں فی کس دو وکٹیں حاصل کرچکے ہیں لیکن گذشتہ مقابلہ میں میکس ویل نے ان کی کافی پٹائی کی ہے ۔ دہلی کی ٹیم کیلئے فاسٹ بولر محمد سمیع بولنگ شعبہ کی قیادت کررہے ہیں جب کہ جئے دیو انڈکٹ نے بھی دو مقابلوں میں چار وکٹیں حاصل کرتے ہوئے بہتر مظاہرہ کیا ہے ۔ دہلی کے بولنگ شعبہ کو نقصان ہوسکتا ہے کیونکہ اس کے آسٹریلیائی فاسٹ بولر نیتھن کلٹرنائیل جو کہ چینائی سوپرکنگس کے خلاف مقابلہ کے دوران فیلڈنگ میں زخمی ہوئے ہیں اور ان کی شرکت ہنوز غیریقینی صورتحال کا شکار ہے ۔