سن رائیزرس حیدآباد کا آج چینائی سے سخت مقابلہ متوقع

شارجہ۔26 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) انڈین پریمئر لیگ ( آئی پی ایل) کے ساتویں سیزن میں کامیابی کا آغاز کرنے والی سن رائیزرس حیدرآباد کی ٹیم کے کھلاڑیوں کی اس کامیابی سے حوصلے بلند ہوچکے ہیںلیکن کل یہاں طاقتور تصور کی جانے والی چینائی سوپر کنگس کے خلاف اسے کافی سخت مقابلہ متوقع ہے ۔ سن رائیزرس حیدرآباد نے رواں سیزن کا مایوس کن آغاز کیا ہے جیسا کہ اسے ابتدائی 2مقابلوں میں راجستھان رائلز اور کنگس الیون پنجاب کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی لیکن گذشتہ مقابلے میں دہلی ڈیرڈیولس کے خلاف حیدرابادی ٹیم کی کامیابی کے معمار آرون فنچ (88)اور ڈیوڈ وارنر (58) نے جنہوں دوسری وکٹ کیلئے 128 رنز کی پارٹنرشپ بناتے ہوئے ٹیم کو ایک تیز رفتار اور مستحکم بنیاد فراہم کی ۔کل کھیلے جانے والے مقابلے میں ٹیم انتظامیہ پھر ایک مرتبہ ان سے بہتر اننگز کی امید کررہا ہے ۔ حیدرآباد کے کپتان اور اوپنر شکھر دھون ہنوز ایک بہتر اننگز کھیلنے میں کامیاب نہیں ہوئے ہیں

لیکن ان سے ایک جارحانہ آغاز کی امید کی جارہی ہے ۔ مڈل آرڈر میں لوکیش راہول اور وینو گوپال راؤ اپنی موجودگی کا احساس دلوانے میں کامیاب نہیں ہوپائے ہیں ۔ سن رائیزرس حیدرآباد کے بولروں کے مظاہروں کا تذکرہ کریں تو تاحال ان کے مظاہرے مایوس کن نہیں جیسا کہ فاسٹ بولروں کی جوڑی ڈیل اسٹین اور بھونیشور کمار نے ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کی ہے۔ اسپین شعبہ میں امیت مشرا اصل بولر ہیں جن کے ساتھ کرن شرما کو موقع دیا جارہاہے ۔ دوسری جانب دو مرتبہ کی چمپئن چینائی سوپر کنگس کو بھی مہم کے افتتاحی مقابلے میں کنگس الیون پنجاب کے خلاف ہمالیائی اسکور بنانے کے باوجود حیران کن شکست برداشت کرنی پڑی تھی لیکن دہلی ڈیر ڈیولس‘ ممبئی انڈینس اور پھر راجستھان رائلز کے خلاف یکے بعد دیگر فتوحات کے ذریعہ مہیندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت ٹیم نے کامیابی کی سمت واپسی کرلی ہے ۔ دونوں ٹیموں کے موجودہ فام کو دیکھ کر چینائی سوپر کنگس کو سن رائیزرس حیدرآباد پر ترجیح دی جاسکتی ہے ۔

گذشتہ رات ممبئی انڈینس کے خلاف چینائی کے اوپنر برنڈن مکالم نے ناقابل تسخیر 71 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا ہے ‘ جنہوں نے ساتھی اوپنر ڈیون اسمتھ کے ساتھ ٹیم کو تیز رفتار شروعات فراہم کی ہے ۔ سریش رائنا ٹیم کیلئے اہم کھلاڑی ہوں گے جن کے ہمراہ کپتان مہیندر سنگھ دھونی مڈل آرڈر میں اسکور بورڈ کو تیزی سے حرکت میں لانے کی ذمہ داری نبھاتے ہیں ۔ فاف ڈپلویسی ہمیشہ ہی خطرناک کھلاڑی تصور کئے جاتے ہیں جن کے ہمراہ رویندر جڈیجہ سے بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں امیدیں وابستہ ہیں ۔ چینائی کا بولنگ شعبہ بھی کافی مستحکم ہے جس میں جڈیجہ کے مظاہرے استقلال کا ثبوت ہیں جبکہ گذشتہ مقابلے میں موہت شرما نے 14رنز کے عوض 4کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے ہوئے شاندار مظاہرہ کیا ہے ۔ چینائی سوپر کنگس کے بولروں بین ہلفنہاس ‘ ایشور پانڈے اور موہت شرما نے مجموعی طور پر بہتر مظاہرے کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا ہے ۔